ایرا کے کیس بنانے ہيں تو مشرف پر بھی بنائيں، شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عندیہ دیا ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے خلاف برطانیہ کی عدالتوں میں ہتک عزت کا دعویٰ کريں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شہباز شریف پر یہ الزام ہے کہ مشرف دور میں ایرا کے اندر شہباز شریف نے کرپشن کرلی، ایرا کے کیس بنانے ہيں تو مشرف پر بھی بنائيں، ان کے زمانے سے ایراکی فنڈنگ جاری ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو ثبوت آپ کے پاس ہيں جائيں قومی احتساب بیورو (نیب) کو دیں، نیب مقدمہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ دشمنی میں برطانوی ادارے کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہبازشریف برطانوی عدالت میں عمران خان اور شہزاد اکبر کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ کریں گے، شہزاد اکبر سے پوچھا جائے بیرون ملک دوروں پر کتنے پیسے خرچ کیے۔

شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اپوزیشن میں تھے تو کہا تھا شہباز شریف نے 10 ارب روپے کی آفر کی، عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ پاناما کیس پر بات نہ کرنے کیلئے شہباز شریف نے انہیں آفر کی لیکن عمران خان کا وکیل کیس میں پیش ہی نہیں ہوا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ شہزاد اکبر یا عمران خان کے پاس جو ثبوت ہیں وہ نیب کو پیش کریں، مشرف کے دور میں منصوبہ شروع ہوا جس کا شہباز شریف سے کوئی تعلق نہیں، کیس بنانے ہیں تو مشرف پر بھی ایرا کے کیس بنائیں، کوئی ثبوت ہے تو نیب اور عوام کے سامنے جائیں۔

مزید پڑھیں:  چوہدری فہد ضیاء متہ کی پروقار دعوت ولیمہ

شاہد خاقان نے کہا کہ ماضی میں کہا گیا کہ نوید اکرام کو شہباز شریف نے کرپشن پر نکالا تھا، کہا گیا پنجاب میں اینٹی کرپشن نے 40 کروڑ روپے کی ریکوری کی تھی، آج تک عمران خان نے جو بات کی اس میں کوئی سچ نہیں ملا، عمران خان نے کہا تھا لاہور میٹرو پر 70ارب روپے خرچ ہوئے، جب ریکار ڈ آیا تو پتا چلا لاہور میٹرو 30ارب روپے میں بنی، لاہور میٹرو پچھلے 8 سال سے چل رہی ہے، اگر آپ کوشوق ہے تو پشاور کی بی آرٹی کا بھی ملاحظہ کرلیں، جہاں 100 ارب روپے خرچ ہوچکے وہاں کوئی پوچھنے والا نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان یہ بیان بھی دیدیں کہ پشاور میٹرو پر 100 ارب روپے خرچ ہوئے لیکن میٹرو چلی نہیں، عمران خان پشاور میٹرو پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ بھی دیکھ لیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ناصر جنجوعہ کو میں نہیں جانتا، نوازشریف سے پوچھ لیں کہ وہ ملے ہیں یا نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاہد خاقان عباسی کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ شاہدخاقان عباسی کی نئی ڈیوٹی اپنے آقاؤں کےجھوٹ اور کالے کرتوتوں کا دفاع کرنا ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی نے شہباز شریف کے داماد کی کمپنی اور چیک وصولی کی تردید نہیں کی، شہبازشریف دعوی کرتے تھے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہں ہوئی، شہبازشریف اربو‍ں کی کرپشن سامنے آنے پر بوکھلا گئے ہیں، موصوف پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب دینے کی بجائےآئیں بائیں شائیں کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی ہار

ترجمان نے مزید کہا کہ ن لیگ اپنے خلاف کرپشن کے تمام ثبوت متنازع بنانے کی ناکام کوشش کرتی ہے، شاہد خاقان بتائیں شریف خاندان کا منظور پاپڑ والے اور مشتاق چینی سے کیا تعلق ہے؟ ن لیگ کی سیاست گلوبٹ، پومی بٹ اور ناصر بٹ جیسے فراڈیوں کے گرد گھومتی ہے۔

شہبازگل نے کہا کہ حکومت کرپٹ عناصر اور چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کررہی ہے، ن لیگ کرپٹ مفروروں اوراشتہاریوں کے دفاع کے مشن پر ہے۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیئے۔

تاہم برطانوی امدادی ادارے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیلی میل نے اپنی اسٹوری کو سچ ثابت کرنے کے لیے کم ثبوت پیش کیے۔

ڈی ایف آئی ڈی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد برطانیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (ایرا) کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی گئی جو تعمیر ہوئے اور ان کا آڈٹ بھی کیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے، پارٹی صدر شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل، وزیراعظم عمران خان اور ان کے معاون خصوصی برائے احتساب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے