عوامی نیشنل پارٹی کا ہارون بلور کی یاد میں تعزیتی جلسہ

ہم بلور خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں پارٹی کے لئے انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عمیر خان

کیلگری (نیوز ڈیسک) 17جولائی بروز پیر عوامی نیشنل پارٹی کینیڈا نے گزشتہ روز پاکستان کے شہر پشاور میں ANP کے انتخابی جلسے میں اس کے رہنما ہارون بلور کی شہادت پر تعزیتی جلسے کا انعقاد کیا جس میں ANP کینیڈا کے ذمہ داران اور ممبران نے شرکت کی۔ مقررین نے اپنی بات چیت میں کہا کہ کچھ عرصے قبل ملک ، مذہب اور ہماری پارٹی کے دشمنوں نے ہمارے رہنما لیڈر اور مرحوم ہارون بلور کے والد بشیر بلور کو بے دردی سے شہید کیا اور اب ایک بار پھر اس تاریخ کو دہراتے ہوئے ہمارے ایک اور عظیم رہنما بشیر بلور (مرحوم) کے صاحبزادے ہارون بلور کو بھی بم دھماکے میں شہید کردیا۔ پشاور میں رونما ہونے والے پے در پے بم دھماکے حکومت پاکستان اور عسکری قوتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہیں۔ ANP کینیڈا کے رہنما عمیر خان نے اپنی بات چیت میں کہا کہ بلور فیملی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ وہ وقت دور نہیں جب دشمنوں سے ہمارے عظیم رہنمائوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ ملک پاکستان خصوصاً KPK میں ہمارے انتخابی جلسوں میں بم دھماکے پریشانی کا باعث ہیں۔ طالبان کی جانب سے ایک بڑی پارٹی کے لیڈر کے حق میں دئیے جانے والے بیانات ریاست کی جانب سے ان بیانات پر کسی قسم کا رد عمل سامنے نہ آنا بھی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ریاست کیا چاہتی ہے ہمیں کھل کر بتایا جائے تاکہ ہم بھی کوئی لائحہ عمل تیار کریں ہم دشمنوں اور مخالفین کو باور کروانا چاہتے ہیں کہ بس بہت ہوگیا۔ خون خرابا فوری طور پر بند کیا جائے ہمیں اور ہماری پارٹی کو بھی وہ ہی پروٹیکشن دی جائے جو دوسری سیاسی پارٹیوں کو حاصل ہے۔ ریاست کی جانب سے دوہرا معیار فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ہماری قوم احساس محرومی کا شکار ہورہی ہے اور ان کے اندر جو لاوا پک رہا ہے اور اگر کسی روز وہ باہر آگیا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ خدارا ہم ارباب اختیار اور عسکری قیادتوں سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ مارا ماری دہشت گردی اور دوہرا معیار فوری طور پر ختم کیا جائے ہمیں بھی اتنا ہی جینے کا حق ملنا چاہئے جو دوسروں کو حاصل ہے۔ پروگرام کے اختتام پر ہارون بلور کے لئے خصوصی طور پر جب کہ بشیر بلور و دیگر شہداء پارٹی کے لئے عمومی طور پر دعائے مغفرت کی گئی۔

مزید پڑھیں:  اسحاق ڈارکی پاکستان حوالگی،طریقہ کارپربات چیت کیلئے برطانیہ اورپاکستان میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط