مسئلہ کشمیر پر عرب دنیا متحرک، سعودی و اماراتی وزرائے خارجہ کل پاکستان پہنچیں گے

مسئلہ کشمیر پر پاکستان دنیا بھر کی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اعلامیہ جاری ہونے کے بعد عرب ورلڈ بھی متحرک ہوگئی جس کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ ایک ساتھ کل پاکستان پہنچیں گے۔

گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ مسلمان ممالک کشمیر کے معاملے پر ابھی ہمارا ساتھ نہیں دے رہے تو آگے چل کر وہ ہمارے ساتھ ہوں گے، وزیراعظم کی یہ بات بالکل درست ثابت ہوئی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شيخ عبداللہ بن زاید النہیان کل ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔

دونوں وزرائے خارجہ وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے چند دن میں 3 مرتبہ ٹیلفونک رابطہ کرچکے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں انہوں نے اماراتی ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرکے کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

مزید پڑھیں:  مرزا جاوید اقبال اب ہم میں نہیں رہے