نیوزی لینڈ کو شکست دیکر انگلینڈ پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا

لندن: انگلینڈ سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دیکر پہلی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

کیوی ٹیم کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 241 رنز بناسکی۔

انگلش ٹیم کو آخری اوور میں 15 رنز درکار تھے تاہم کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے ابتدائی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بننے دیا۔

جس کے بعد انگلش بلے باز اسٹوکس نے اگلی گیند پر شاندار چکھا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے، چوتھی گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے اوور تھرو کی وجہ سے انگلش ٹیم کو 6 رنز مل گئے اور نیوزی لینڈ شائقین کی امیدیں دم توڑتی دکھائی دیں تاہم پانچویں گیند پر 2 رنز لینے کی کوشش میں عادل رشید رن آؤٹ ہوئے۔

میچ کی آخری گیند پر انگلینڈ کا آخری کھلاڑی دوسرا رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگیا اور یوں میچ برابر ہوگیا۔

سپر اوور

سپر اوور میں انگلینڈ کی جانب سے اسٹوکس اور بٹلر کھیلنے آئے جنہوں نے 16 رنز کا ہدف دیا، جواب میں نیوزی لینڈ کو سپر اوور کی آخری گیند پر 2 رنز درکار تھے کہ مارٹن گپٹل 2 رنز لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے اور یوں میچ ایک بار پھر برابر ہوگیا تاہم میچ میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر انگلش ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  کاروباری شخصیت آصف کی دوستوں کے اعزاز میں افطار پارٹی