پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے چین میں پھنسے پاکستانیو ں کو لانے کیلئے شاہین ائیر انٹرنیشنل کو مشروط اجازت دیدی

لاہور۔3 اگست ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ چین کے شہر گونزو میں پھنسے پاکستانیو ں کو لانے کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر انٹرنیشنل کو اصولی طور پر اجازت دیدی ہے تاہم ائیر لائن کے جہاز ائیر وردی نہ ہونے کے باعث اسے اجازت اس وقت تک نہیں دی جاسکتی جب تک مسافروں کی سیکورٹی اور سیفٹی کے مطلوبہ معیار پر ائیرلائن کے جہاز پورے نہیں اتر جاتے۔واضح رہے کہ سی اے اے بطور ریگولیٹر مسافروں کی سیفٹی اور سیکورٹی یقینی بنانے کا ذمہ دار ہے اور ایسے کسی جہاز کو مسافر برداری کی اجازت نہیں دیتا ہے جو ائیر وردی نہ ہوں۔اس ضمن میں چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی سی اے اے کو ہدایات دی ہیں کہ چین سے پاکستان لانے والے جہاز ائیر وردی ہونے چاہئیں۔

یاد رہے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے میڈیا کی رپورٹس کے تناظر میں چین کے شہر گونزو میں پھنسے ہوئے تین سو پاکستانیوں کو فوری طور پر وطن واپس لانے کے لیے شاہین ائیر انٹرنیشنل کو خصوصی پرواز کی اجازت دے دی تھی۔ سی اے اے کی جانب شاہین ائیر کو چین سے پاکستانیوں کو لانے کے لیے دو خصوصی پروازوں کی ایک بار پہلے بھی اجازت دی گئی تھی۔یاد رہے کہ ڈیڑھ ارب روپے کے قریب واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر انٹرنیشنل کی ما سوائے سعودی عرب کے تمام ملکی اور غیر ملکی آپریشنز کے لیے تمام ائیرپورٹس پر اپنی سہولیات اور خدمات کی فراہمی معطل کی ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  کینیڈا پاسپورٹ کو 2019 میں سب سے زیادہ طاقتور حیثیت حاصل ہوگئی