پاکستان کینیڈا ایسوسی ایشن کیلگری کے سابق صدر چوہدری محمد یٰسین کیلگری حلقہ نارتھ سے UCP پارٹی نومینیشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب

50فیصد سے زائد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کرنے والے یٰسین چوہدری کی شاندار کامیابی پر انڈین ، پاکستانی و دیگر کمیونٹیز کا پاکستان ہائوس میں جشن ، پاکستان پوسٹ کی لائیو کوریج کی شاندار پذیرائیکیلگری (نیوز ڈیسک)9فروری بروز ہفتہ یونائیٹڈ کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے کیلگری حلقہ نارتھ میں پارٹی نومینیشن کے لئے انتخابات کروائے گئے۔ ووٹ ڈالنے کا سلسلہ صبح 10بجے سے لیکر شام 6بجے تک جاری رہا۔ شدید سردی کے باوجود ٹیم یاسین نے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دیا۔ یاسین کے گھر کو الیکشن کمپین کا درجہ دے دیا گیا تھا جہاں ٹیم یٰسین اور اس حلقے میں مقیم UCP کے چاہنے والوں کا مسلسل تانتا بندھا رہا۔ ادارہ پاکستان پوسٹ کو بھی انکے کمپین آفس جانے کا اتفاق ہوا۔ ٹیم یٰسین مسلسل مصروف نظر آئی یہ لوگ ایک لمحہ بھی ضائع بغیر اپنی ذمہ داریاں نبھارہے تھے رب تعالیٰ نے ٹیم یٰسین اور چوہدری محمد یٰسین کی انتھک محبت کا صلہ انہیں کامیابی کی شکل میں دیا۔ رات کم و بیش 8بجے کے قریب الیکشن کا نتیجہ سامنے آیا جس میں معلوم ہوا کہ چوہدری محمد یٰسین نے 50فیصد سے زائد ووٹ لے کر شاندار کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس اعلان کے بعد پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد پاکستان ہائوس واقع ویسٹ ونڈز ڈائیو پہنچی اور ہنگامی بنیادوں پر جشن کی تیاریاں شروع کردیں۔ کم و بیش 9:30 بجے یٰسین اپنی فیملی اور ٹیم کے ہمراہ پاکستان ہائوس پہنچے جہاں ان کا استقبال ڈھول کی تھاپ کے ساتھ کیا گیا سب لوگوں نے انتہائی گرمجوشی کے ساتھ انہیں خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کیں۔ روایتی میٹھے کے ساتھ ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کی گئیں۔ چوہدری یٰسین نے اپنی بات چیت میں سب سے پہلے اپنے رب کا شکر ادا کیا اس کے بعد اپنی ٹیم کے ممبران اور تمام ووٹرز کا شکریہ ادا کیا جس کی وجہ سے انہیں یہ شاندار کامیابی میسر آئی۔ محمد یٰسین کے بڑے بھائی چوہدری رشید ، اظہر ہنجرا نے بھی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام کمیونٹیز اس ہی اسپرٹ کے ساتھ اس سال کے شروع میں ہونے والے البرٹا انتخابات میں UCP اور چوہدری یٰسین کو جتوانے میں ایک بار پھر اپنا شاندار کردار ادا کرینگے۔ پروگرام کے اختتام میں تمام مہمانوں کے لئے انواع و اقسام کے دیسی کھانوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ادارہ پاکستان پوسٹ نے اس جشن کی لائیو کوریج کی جسے لوگوں نے بہت پسند کیا اور اسکی ترقی کے لئے دعائیں بھی دیں۔

مزید پڑھیں:  شہر چیسٹر میر میں امسال 20 رکعت تراویح ادا کی جائیں: ملک سلیم و یوسف بیگ